خون کا عطیہ انسانوں کی زندگی بچانے میں مددگار : گورنر سوندرا راجن

   


چرنجیوی بلڈ بینک سے بلڈ ڈونرس کو انشورنس کی فراہمی، تاحال 9 لاکھ یونٹ خون کی تقسیم
حیدرآباد۔/4ستمبر، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے کہا کہ خون کا عطیہ انسانوں کی زندگی بچانے میں اہم رول ادا کرتا ہے۔ میگا اسٹار چرنجیوی نے انسانیت کی خدمت کے جذبہ کے تحت بلڈ بینک قائم کیا جو قابل ستائش ہے۔ گورنر نے چرنجیوی بلڈ بینک کے ذریعہ 50 سے زائد مرتبہ خون کا عطیہ دینے والے افراد کو ’’چیرو بھدرتا ‘‘ کے عنوان سے لائف انشورنس کارڈ حوالے کیا۔ اس سلسلہ میں راج بھون میں تقریب منعقد کی گئی۔ گورنر نے کہا کہ حادثات کے موقع پر خون کی بروقت فراہمی کے ذریعہ کئی شدید زخمی مریضوں کو بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ دینا معمولی بات نہیں ہے کیونکہ اس سے کسی کی زندگی مربوط ہوتی ہے۔ گورنر نے کہا کہ جس وقت وہ ہاوز سرجن کی حیثیت سے کام کررہی تھیں مریضوں کو خون کا عطیہ دینے کیلئے افراد خاندان کو بھی گریز کرتے دیکھا لیکن آج خون کا عطیہ دینے کے لئے شعور کافی حد تک بیدار ہوچکا ہے۔ گورنر نے کہا کہ خون کا عطیہ دینے والوں میں نیا خون بن جاتا ہے۔ بلڈ بینک کے ذریعہ تمام ضرورت مندوں کی مدد کرنے پر میں فلم اسٹار چرنجیوی کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے راج بھون کی جانب سے بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ضرورت پڑنے پر خون کی فراہمی کیلئے ایک ایپ تیار کیا جائے گا۔ چرنجیوی چیریٹبل ٹرسٹ کو اس مہم میں حصہ دار بننا چاہیئے۔ چرنجیوی نے کہا کہ 1998 میں خون کی عدم فراہمی کے سبب کئی افراد کی موت واقع ہوئی جس کے نتیجہ میں مجھے بلڈ بینک کے قیام کا خیال آیا۔ خون سے محروم افراد کی مدد کرنے کے جذبہ سے بلڈ بینک قائم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ باقاعدگی کے ساتھ 2 تا 3 ہزار افراد خون کا عطیہ دے رہے ہیں۔ ایسے افراد کی صحت کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ’چیروبھدرتا ‘ کے نام سے لائف انشورنس فراہم کیا جارہا ہے۔ عنقریب چیریٹبل ٹرسٹ کے ذریعہ ہاسپٹل قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بلڈ بینک کی جانب سے ابھی تک 9.30 لاکھ یونٹ خون حاصل کیا گیا ہے جن میں 70 فیصد غریبوں کو اور باقی خانگی ہاسپٹلس کو فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلگو ریاستوں میں خون کی عدم دستیابی کے معاملات میں کافی کمی آئی ہے۔ اس موقع پر چرنجیوی نے گورنر کو تہنیت پیش کی۔ر