خون کا عطیہ دینا صحت کیلئے ریٹرن گفٹ :ہرش وردھن

,

   

یوم آزادی کے موقع پر ایمس میں رضاکارانہ بلڈ ڈونیشن کیمپ

نئی دہلی: مرکزی صحت اور خاندانی فلاح و بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن نے یوم آزادی سے پہلے جمعہ کو یہاں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(ایمس) کے احاطہ میں فوجیوں اور کورونا مجاہدین کیلئے وقف خون عطیہ کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ خون کا عطیہ دینا صحت کیلئے’’ریٹرن گفٹ‘‘ جیسا ہے ۔ ڈاکٹر وردھن کے ساتھ اس موقع پر ایمس کے ڈائرکٹر ڈاکٹر رندیپ گلیریا بھی موجود تھے ۔ ایمس کے احاطہ میں یہ رضاکارانہ خون عطیہ کیمپ کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے خلاف جنگ میں اپنی جان قربان کردینے والے کورونامجاہدین اور فوجیوں کو وقف ہے ۔ اس موقع پر ایک شہید فوجی لانس نائک راج بیر سنگھ اور کورونا کے خلاف جاری لڑائی میں اپنی جان قربان کردینے والے ایمس کے ایک کورونا جنگجو ہیرا لال کے کنبہ کے لوگوں کو ممتاز مہمانان کے طورپر مدعو کیا گیا تھا۔ وزیر صحت نے کہاکہ ہمارے 74ویں یوم آزادی سے قبل کی شام کے موقع پر منعقدہ یہ رضاکارانہ خون عطیہ کیمپ اپنی جان قربان کرنے والے اور سفید کوٹ پہنے کورونا واریئرس اور کارگل کے شہدا دونوں کو خراج عقیدت ہے ۔ ہمیں اس وبا میں لوگوں کی جان بچانے کے قواعد میں سب کچھ قربان کردینے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ضرور یاد کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے ایمس کے ڈائرکٹر ڈاکٹر رندیپ اوردیگر سینئر ڈاکٹروں کے ساتھ فیتہ کاٹ کر اورلیمپ روشن کرتے ہوئے خون کا عطیہ دینے کے کیمپ کا افتتاح کیا۔ مرکزی وزیر نے خون کا عطیہ دینے والوں کے ساتھ بات چیت کی اور اس مہم میں شمولیت پر سرٹیفیکٹ دیئے ۔ انھوں نے ڈاکٹروں اورصحت کی دیکھ بھال کرنے والے ورکروں اور ازخود بڑی تعدادمیں خون کا عطیہ دینے کیلئے آئے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی۔ ڈاکٹروردھن نے اطمینان کا اظہارکیاکہ چہرے کی شیلڈ ، ماسک اوردستانے وغیرہ سمیت کیمپ میں ہرطرح کی احتیاطی تدابیر کویقینی بنایاگیاہے ۔