راج بھون میں عالمی یوم بلڈ ڈونیشن، عطیہ دہندگان کو تہنیت اور ایوارڈ
حیدرآباد۔/14 جون، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے خون کے عطیہ کے بارے میں عوام میں شعور بیداری کو وقت کی اہم ضرورت قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ افراد خون کا عطیہ دے کر قیمتی جانوں کا تحفظ کرسکتے ہیں۔ گورنر آج راج بھون کمیونٹی ہال میں ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے 2023 تقاریب سے خطاب کررہی تھیں۔ تقاریب کا موضوع خون اور پلازمہ کے عطیہ پر محیط تھا۔ اس موقع پر بلڈ ڈونیشن کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ خون کے عطیہ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر سوندرا راجن نے کہا کہ ایک عطیہ دہندہ کے خون کا عطیہ کم از کم دو تا تین ضرورت مند مریضوں کی مدد کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خون کی طلب کے مطابق خون کا عطیہ دستیاب نہیں ہے۔ طلباء ، نوجوانوں اور سماج کے بااثر افراد کو خون کے عطیہ کے فوائد سے متعلق شعور بیدار کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ خون کے عطیہ کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے خون کے عطیہ دہندگان کو سلیوٹ کیا اور بعض ایسے عطیہ دہندگان جنہوں نے کم از کم 50 مرتبہ خون کا عطیہ دیا ہے انہیں ایوارڈ اور تہنیت پیش کی گئی۔ گورنر نے انڈین ریڈ کراس سوسائٹی ہنمکنڈہ یونٹ کو ستائشی سرٹیفکیٹ حوالے کیا جس کی نمائندگی ڈاکٹر وجئے چندر ریڈی اور ای وی سرینواس کررہے تھے۔ نظام آباد یونٹ کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ایک جوڑے کو تہنیت پیش کی گئی جنہوں نے اپنی سالگرہ کے موقع پر خون کا عطیہ دیا۔ انجیا نامی شخص نے 139 مرتبہ اور ان کی اہلیہ پی منوراما نے 50 مرتبہ خون کا عطیہ دیا ہے۔ اس موقع پر گورنر کے سکریٹری سریندر موہن، انڈین ریڈ کراس سوسائٹی تلنگانہ کے صدرنشین اجئے مشرا اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر