پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا کے علاقے پاتراک میدان میں مٹی کا تودہ گھر پر گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ڈان نیوز کے مطابق ریسکیو 1122 نے بتایا کہ مٹی کا تودہ گرنے سے گھر مکمل طور پر منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں 12 افراد دب گئے ۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 نے مقامی افراد کی مدد سے آپریشن کیا، اہلکاروں نے ملبے تلے دبے 12 جسد خاکی نکالے۔ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی نے کہا کہ پورے علاقے میں ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے مکان منہدم ہوا۔ڈسٹرکٹ پولیس افسر وقار احمد نے بھی واقع کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 12 لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ، جن میں نوشاد خان، خان باچا اور ولی رحمن کی بیویاں اور باقی 9 ان کے بچے تھے ، جن کی عمریں 3 سے 22 سال کے درمیان تھیں۔مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش ہوئی ہے ، جہاں دریا میں بہاؤ میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ ضلع مانسہرہ کے علاقے ناران میں سیلابی صورتحال ہے ، جس کے نتیجے میں مانسہرہ ناران کا ایک اہم پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخوا کی جانب 8 اگست کو جاری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ صوبے میں مون سون کے موجودہ اسپیلز میں جولائی سے 28 اگست تک 74 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 128 افراد زخمی ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ 25 اگست کو ملک میں طاقتور سسٹم کی آمد کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا تھا۔