پشاور ۔ 26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) خیبر پختون خوا حکومت کے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق برطرف کیے جانے والے وزاراء میں شہرام ترکئی، عاطف خان اور شکیل احمد شامل ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہرام ترکئی وزیرِ صحت، عاطف خان سینئر وزیرِ کھیل، ثقافت اور سیاحت جبکہ شکیل احمد وزیرِ ریونیو اور اسٹیٹ تھے۔اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گورنر خیبر پختون خوا شاہ فرمان نے تینوں صوبائی وزراء کو ڈی نوٹیفائی کیا ہے۔ذرائع کے مطابق تینوں وزراء پریشر گروپ کے کرتا دھرتا تھے۔وزیرِ اطلاعات شوکت یوسف زئی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا سے تین وزراء کو فارغ کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ فارغ کیے گئے ان تینوں میں ایک وزیر وزارتِ اعلیٰ کے امیدوار بھی تھے۔شوکت یوسف زئی کا یہ بھی کہنا ہے کہ گروپ بندی پر اگر پارٹی خاموش رہتی ہے تو مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
