خیریت آباد اسمبلی حلقہ میں 50 بستروں کے کمیونٹی ہاسپٹل کے قیام کا مطالبہ

   

رکن اسمبلی ڈی ناگیندر اور مقامی افراد کی وزیر صحت دامودر راج نرسمہا سے نمائندگی
حیدرآباد۔ یکم؍ مارچ (سیاست نیوز) خیریت آباد اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر صحت دامودر راج نرسمہا سے نمائندگی کرتے ہوئے 50 بستروں کے کمیونٹی ہاسپٹل اور ہیلت سنٹر کے قیام کی اپیل کی ہے۔ سابق سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی ایم مہیندر بابو کی قیادت میں کانگریس قائدین کے ایک وفد نے دامودر راج نرسمہا سے ملاقات کی اور اس خصوص میں یادداشت پیش کی۔ خیریت آباد اسمبلی حلقہ میں کئی سلم اور غریب بستیاں ہیں جہاں بنیادی طبی سہولتوں کی فراہمی کے انتظامات ناقص ہیں۔ حلقہ کے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر نے بھی اس سلسلہ میں چیف منسٹر اور وزیر صحت کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ تلنگانہ حکومت سرکاری سطح پر بنیادی طبی سہولتوں کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کررہی ہے ایسے میں خیریت آباد اسمبلی حلقہ کے عوام 50 بستروں پر مشتمل کمیونٹی ہاسپٹل کے قیام کے خواہاں ہیں۔ سابق کانگریس حکومت نے 10.84 کروڑ کی فراہمی کے ذریعہ موجودہ سیول ڈسپنسری کو 50 بستروں پر مشتمل کمیونٹی ہیلت سنٹر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن بی آر ایس برسر اقتدار آنے کے بعد عمارت کو ویلنس سنٹر میں تبدیل کردیا گیا۔ خیریت آباد میں کئی کالونیوں کے عوام علاج کے لئے کارپوریٹ ہاسپٹلس سے رجوع ہونے پر مجبور ہیں۔ وزیر صحت سے درخواست کی گئی کہ تمام عصری سہولتوں کے ساتھ خیریت آباد اسمبلی حلقہ میں 50 بستروں کا کمیونٹی ہاسپٹل منظور کیا جائے۔ ٹی ناگیندر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے موجودہ سیول ڈسپنسری میں سی ٹی اسکیان اور ایم آر آئی جیسی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ ڈاکٹرس اور نرسیس کے تقررات کی خواہش کی ہے۔ رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو کے ہمراہ کانگریس قائدین نے وزیر صحت کو یادداشت پیش کی۔ 1