موجودہ رکن اسمبلی کی بدعنوانیاں و بے قاعدگیاں، وجیہ ریڈی کو موقع فراہم کرنے کی اپیل
حیدرآباد۔18۔نومبر(سیاست نیوز) ناگیندر کو بائے بائے کرنے کا وقت آچکا ہے ۔ حلقہ اسمبلی خیریت آباد سے ناگیندر بائے بائے اور تلنگانہ سے کے سی آر بائے بائے ہونے جا رہے ہیں۔تلنگانہ کے عوام نے جو فیصلہ کیا ہے وہی فیصلہ حلقہ اسمبلی خیریت آباد کے عوام کا بھی ہے اور وہ اپنے حلقہ کی ترقی و خوشحالی کے علاوہ بدعنوانیوں و بے قاعدگیوں کے خاتمہ کے لئے ووٹ کا استعمال کریں گے۔ محترمہ وجیہ ریڈی کانگریس امیدوارہ حلقہ اسمبلی خیریت آباد نے آج اپر بستی ‘ پنجہ گٹہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں اپنے رائے دہندوں سے ملاقات کے دوران یہ بات کہی ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں جو تبدیلی کا رجحان پیدا ہوا ہے وہ فطری ہے کیونکہ عام شہری بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کو پسند نہیں کرتے۔ محترمہ وجیہ ریڈی نے کہا کہ حلقہ اسمبلی خیریت آباد شہر حیدرآباد کے ان حلقہ جات اسمبلی میں شمار کیا جاتا ہے جہاں اہم شخصیات اور دفاتر ہیں اس کے باوجود رکن اسمبلی نے اس حلقہ میں جس انداز سے بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کو فروغ دیا ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ حلقہ میں موجود بستیوں میں بہتر سہولتوں کی فراہمی کے نام پر کروڑہا روپئے کے غبن کے علاوہ حلقہ کی قیمتی جائیدادوں کو تباہ کرنے کے مرتکب رکن اسمبلی کو اب بائے بائے کردیا جائے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں موجود قیمتی اوقافی جائیدادوں کو تباہ کرنے والے رکن اسمبلی عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے بجائے انہیں ورغلانے میں مصروف ہیں جبکہ بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان اتحاد کھل کرسامنے آچکا ہے ۔ انہوں نے بی جے پی قائدین کی بی آر ایس سے علحدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی میں موجود وہ قائدین جو بی آر ایس کی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے خلاف جدوجہد کر رہے تھے اب وہ بی جے پی بھی چھوڑنے لگے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان اتحاد کے نتیجہ میں وہ پارٹی سے علحدگی اختیار کر رہے ہیں۔ محترمہ وجیہ ریڈی نے کہا کہ حلقہ اسمبلی خیریت آباد کی صورتحال بھی اسی طرح کی ہوچکی ہے اور بی جے پی اور بی آر ایس کے امیدوار متحد ہوتے ہوئے کانگریس کو شکست دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔