خیریت آباد میں 500 گز قیمتی وقف اراضی کے تحفظ کی ضرورت 30 سالہ لیز کی مساعی کو حکومت نے روک دیا

   

حیدرآباد۔27۔ جنوری (سیاست نیوز) خیریت آباد میں 500 گز قیمتی وقف اراضی کے تحفظ کیلئے وقف بورڈ کو چوکسی کی ضرورت ہے ۔ شاداں کالج کے روبرو حکیم بشیر احمد وقف کے تحت 500 گز وقف اراضی پر سابق میں غیر قانونی طریقہ سے کار پارکنگ کی جارہی تھی تاہم وقف بورڈ نے اراضی کا تخلیہ کراکر اپنا بورڈ آویزاں کردیا۔ وقف بورڈ کی جانب سے اراضی پر نگرانی نہیں ہے جس کے نتیجہ میں بعض گوشوں کی جانب سے بورڈ کو نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ یہ اراضی ان 11 اراضیات میں شامل ہیں جنہیں 30 سالہ لیز پر دینے کیلئے 2017 ء میں حکومت نے احکامات جاری کئے تھے۔ اس وقت کے سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے 30 سالہ لیز کیلئے جی او جاری کیا تھا اور ٹنڈرس طلب کئے جارہے تھے۔ تاہم بعد میں حکومت نے گلوبل اور ای ٹنڈرس کی ہدایت دیتے ہوئے لیز کے پراسیس کو روک دیا ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ 11 اراضیات کی لیز کیلئے گلوبل ٹنڈرس طلب کئے جائیں تاکہ وقف بورڈ کو موثر آمدنی ہوسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ معاملہ محکمہ اقلیتی بہبود میں زیر التواء ہے۔ ٹنڈرس کی طلبی تک وقف بورڈ کو اسکیم کی اراضی کے تحفظ کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ ر