کانگریس امیدوارہ وجیہ ریڈی کی عوام سے ملاقات و تیقن
حیدرآباد۔ 15 نومبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے تاریخی محلہ جات اور معززین شہر کی آماجگاہ تصور کئے جانے والے حلقہ اسمبلی خیریت آباد کو 15 سالوں میں تباہ کردیا گیا ہے بلکہ اس حلقہ اسمبلی میں رہنے والے معززین دیگر علاقوں کا رُخ کرنے لگے ہیں جوکہ حلقہ کی صورتحال کو واضح کرتا ہے۔ محترمہ پی وجیہ ریڈی نے حلقہ اسمبلی خیریت آباد کے مختلف علاقوں میں عوام سے ملاقات کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی خیریت آباد 15 سال قبل تک بھی ریاست کے سرکردہ اور سرفہرست حلقہ جات اسمبلی میں شمار کیا جاتا تھا کیونکہ اس حلقہ اسمبلی میں بیشتر سرکاری دفاتر ہونے کی وجہ سے علاقہ کے عوام کے مسائل تیزی سے حل ہوا کرتے تھے، لیکن 15 برسوں میں جو صورتحال پیدا ہوئی ہے، وہ منتخبہ عوامی نمائندوں کی نااہلی کے سبب ہے۔ محترمہ پی وجیہ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ رکن اسمبلی ڈی ناگیندر عوام میں یہ تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ ریاست میں ہر سمت خوشحالی ہے لیکن اگر حقائق کا مشاہدہ کیا جائے تو حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں شہریوں کا جینا محال ہوتا جا رہاہے ۔معززین شہر کا ڈی ناگیندر کے پاس کوئی احترام نہیں ہے اور حلقہ اسمبلی خیریت آباد کی غریب بستیوں میں رہنے والوں کو رکن اسمبلی کوئی اہمیت نہیں دیتے ۔ محترمہ وجیہ ریڈی نے کہا کہ حلقہ اسمبلی خیریت آباد کے حدود میں موجود سرکاری دفاتر میں اگر جائزہ لیا جائے تو حلقہ اسمبلی خیریت آباد کی ترقی کے لئے کوئی بااثر درخواست نظر نہیں آتی بلکہ ریاست بھر کے منتخبہ عوامی نمائندے حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں موجود سرکاری دفاتر میں اپنے حلقہ جات کی ترقی کے لئے درخواستیں داخل کرتے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ وہ خیریت آباد کی مثالی ترقی اور عوام کی قدر و منزلت میں اضافہ اور ان کی خوشحالی کے منصوبہ کے ساتھ میدان میں ہیں اور ان کے اس مقصد کو پورا کرنے کے لئے حلقہ اسمبلی خیریت آباد کے عوام کی انہیں مدد درکار ہے۔ محترمہ وجیہ ریڈی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ حلقہ اسمبلی خیریت آباد کے عوام 30نومبر کو نہ صرف کانگریس کے مقدر کا فیصلہ کریں گے بلکہ ان کے اپنے بہتر مستقبل کے لئے کانگریس کو ووٹ دیں گے۔