حیدرآباد۔ 23 نومبر (سیاست نیوز) خیریت آباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے امکانات پر بی آر ایس میں ٹکٹ کیلئے قائدین کی دوڑ دھوپ کا آغاز ہوچکا ہے۔ انحراف کے الزامات کا سامنا کرنے والے ڈی ناگیندر کے خلاف اسپیکر کی کارروائی کے امکانات پر اسمبلی کی رکنیت سے ناگیندر کے استعفی کی اطلاعات گرم ہیں۔ ناگیندر بی آر ایس ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے لہذا ضمنی چناؤ میں بی آر ایس کی کامیابی کے امکانات کو روشن بتایا جارہا ہے۔ ضمنی چناؤ کیلئے بی آر ایس ٹکٹ کے مضبوط دعویداروں میں آنجہانی پی جناردھن ریڈی کے فرزند پی وشنووردھن ریڈی، رکن اسمبلی ٹی سرینواس یادو کے فرزند ٹی سائی کرن یادو اور منے گووردھن شامل ہیں۔ بتایا گیا کہ کانگریس ٹکٹ کیلئے آنجہانی پی جناردھن ریڈی کی دختر پی وجیا ریڈی مساعی کررہی ہیں۔ اگر کانگریس انہیں ٹکٹ سے محروم کرتی ہے تو انہیں بی آر ایس میں شمولیت کے ذریعہ ٹکٹ کا امکان ہے۔ 1