بی آر ایس امیدوارہ وجیہ ریڈی کی انتخابی مہم، کامیاب بنانے کی اپیل
حیدرآباد 19 نومبر (سیاست نیوز) علاقہ کی ترقی اور غنڈہ گردی کا خاتمہ اُسی وقت ممکن ہوگا جب ناگیندر کو حلقہ اسمبلی خیریت آباد سے شکست دی جائے گی۔ خیریت آباد کے علاقوں میں پھیل رہی غنڈہ گردی اور نوجوانوں میں بیروزگاری کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے غنڈہ عناصر اُنھیں اپنے ساتھ لینے کی کوشش کررہے ہیں جو معاشرہ کی تباہی کا سبب بن رہا ہے۔ کانگریس کی امیدوار محترمہ پی وجیہ ریڈی حلقہ اسمبلی خیریت آباد نے آج مختلف علاقوں میں عوام سے ملاقات کے دوران اُنھیں اِس بات کا تیقن دیا کہ اُن کا انتخاب خیریت آباد کی ترقی کی ضمانت ثابت ہوگا۔ محترمہ وجیہ ریڈی نے خیریت آباد کے نوجوانوں کو اِس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ منتخب ہونے کی صورت میں اُن پر درج کروائے جانے والے بے بنیاد مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی کروائیں گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ نوجوانوں کو بے بنیاد مقدمات میں پھنساتے ہوئے اپنے ساتھ رہنے کے لئے مجبور کرنے والے قائدین کے دن اب ختم ہونے جارہے ہیں۔ رکن اسمبلی خیریت آباد ڈی ناگیندر کو انتباہ دیتے ہوئے وجیہ ریڈی نے کہاکہ اگر وہ کانگریس کارکنوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو ایسی صورت میں اُنھیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پدیاترا کے دوران عوام نے پی وجیہ ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے اُنھیں اِس بات سے واقف کروایا کہ اُن کے علاقوں میں جو مسائل ہیں بارہا متوجہ کروانے کے باوجود حل نہیں کیا گیا جس پر وجیہ ریڈی نے عوام کو تیقن دیا کہ اُنھیں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔