حیدرآباد : /31 اگست (سیاست نیوز) خیریت آباد بڑا گنیش کے قریب آج اُس وقت ہلکی سی کشیدگی پھیل گئی جب بجرنگ دل کے بعض ارکان نے معطل شدہ بی جے پی کے رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے اچانک احتجاج کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بجرنگ دل کے خیریت آباد ڈیویژن کے انچارج کرن کمار کی قیادت میں بڑا گنیش مورتی کے پاس ہاتھ میں پلے کارڈس تھامے ہوئے احتجاج کیا ۔ پلے کارڈس پر بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی رہائی اور انہیں مدد کرنے کی اپیل تحریر کی گئی تھی ۔ اچانک احتجاج کے بعد وہاں پر سنسنی پھیل گئی اور سیف آباد پولیس سے وابستہ ایک ٹیم وہاں پہنچ کر مظاہرہ کرنے والے بجرنگ دل کے 6 کارکنوں کو حراست میں لے لیا اور انہیں رام گوپال پیٹ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔