ممبئی : مکوکا کی ایک خصوصی عدالت نے 2017 میں تھانے میں درج تاوان کے ایک معاملے میں انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے بھائی اقبال کاسکر کو ناکافی ثبوتوں کی بنیاد پر بری کر دیا ہے ۔ عدالت نے اس مقدمہ میں کاسکر کے ساتھ شریک ملزم اسرار صیاد کو بھی بری کر دیا، جبکہ تیسرے ملزم ممتاز شیخ کی سماعت کے دوران موت واقع ہو چکی تھی، جس کے بعد ان کے خلاف مقدمہ ختم کر دیا گیا تھا۔یہ مقدمہ تھانے کے کسارواداولی پولیس اسٹیشن میں ایک مقامی بلڈر کی شکایت پر درج کیا گیا تھا۔ اس وقت انسداد تاوان سیل کی قیادت مشہور انکاؤنٹر اسپیشلسٹ پردیپ شرما کر رہے تھے ۔ بلڈر نے شکایت میں دعویٰ کیا تھا کہ 2015 اور 2016 کے دوران ملزمان کی مانگ پر اس نے 2 فلیٹ اور 90 لاکھ روپے دیے تھے ۔ استغاثہ کے مطابق بلڈر نے تھانے کے کاویسر علاقہ میں ترقیاتی منصوبے کے لیے زمین خریدی تھی، لیکن قانونی ورثا کے ساتھ واجبات کے حوالے سے تنازعہ پیدا ہو گیا۔ اسی دوران ممتاز شیخ، جو ایک رئیل اسٹیٹ ایجنٹ تھا، بلڈر سے رابطے میں آیا اور تصفیہ کی بات کی۔ شیخ بعد میں اسرار صیاد کو ساتھ لے کر بلڈر کے پروجیکٹ سائٹ پر آیا۔ صیاد نے دعویٰ کیا کہ وہ اقبال کاسکر کے لیے کام کرتا ہے اور بتایا کہ زمین اصل مالک سے کاسکر نے خریدی ہے ، لہٰذا بلڈر کو ان کے مطالبات پورے کرنے ہوں گے ۔