ممبئی ، 19 مارچ (یو این آئی) مفرور انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم سے وابستہ رتناگیری ضلع کی آبائی زرعی زمینوں کی طویل عرصے سے زیر التوا نیلامی کو بالآخر کامیابی مل گئی، جہاں 5 مارچ 2026 کو ہونے والی مرکزی حکومت کی نیلامی میں ممبئی کے ایک بولی دہندہ نے چاروں پلاٹ کے لیے سب سے زیادہ بولی لگا کر انہیں حاصل کر لیا۔ یہ نیلامی اسمگلرز اینڈ فارن ایکسچینج مینیپولیٹرز (فورفیچر آف پراپرٹی) ایکٹ (سیفیما) کے تحت منعقد کی گئی، جسے کاسکر خاندان سے منسلک جائیدادوں کی فروخت کے عمل میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ اقدام انڈرورلڈ نیٹ ورک سے جڑی جائیدادوں کو ختم کرنے کے سلسلے میں اہم مرحلہ ہے ۔ سرکاری معلومات کے مطابق چاروں زرعی پلاٹ رتناگیری کے کھیڑ تعلقہ کے ممکے گاؤں میں واقع ہیں، جو داؤد ابراہیم کا آبائی گاؤں مانا جاتا ہے ۔ ان میں سے کئی جائیدادیں ان کی والدہ امینہ بی کے نام پر درج تھیں۔ کامیاب بولی دہندہ کی شناخت ابھی ظاہر نہیں کی گئی ہے ۔ نیلامی کی شرائط کے مطابق خریدار کو اپریل 2026 کے اوائل تک مکمل ادائیگی کرنا ہوگی، جب کہ حتمی منتقلی کا عمل مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد مکمل کیا جائے گا۔