لندن ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے ایک جج نے جو پاکستانی شہری جابر موتی والا کی حوالگی معاملہ کے آخری مراحل کی سماعت کررہے تھے، نے امریکہ سے مذکورہ شخص کے دہشت گرد ہونے یا دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کی مزید وضاحت طلب کی ہے۔ جابر موتی والا کو انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے گروہ کا ایک اعلیٰ سطحی لیفٹننٹ تصورکیا جاتا ہے۔ موتی پر منشیات کی اسمگلنگ اور غیرقانونی رقمی لین دین کے الزامات عائد کئے گئے ہیں اور اس وقت وہ امریکہ کو حوالے کئے جانے کے ایک معاملہ سے نمٹ رہا ہے۔ امریکہ نے یہ بھی کہا ہیکہ جابر موتی والا داؤد ابراہیم کو راست طور پر رپورٹ کیا کرتا تھا۔ داؤد ابراہیم 1993ء میں ممبئی میں سلسلہ وار دھماکوں کا ملزم ہے اور ہندوستان کو مطلوب ہے۔
امریکہ کے کیمیکل پلانٹ میں دھماکے 8افراد زخمی
واشنگٹن،28نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست ٹیکساس کے کیمیکل پلانٹ میں 2 دھماکے ہوئے جن میں 8 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔امریکی خبررساں ایجنسی کے مطابق دھماکوں کی وجہ سے 60 ہزار سے زائد افراد کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پلانٹ میں دو دھماکے ہوئے ، پہلے دھماکے میں تقریباً 3 افراد زخمی ہوئے ۔
جبکہ دوسرے دھماکے میں 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں کو مقامی ہاسپٹل منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق دھماکے ٹیکساس کے علاقے پورٹ نیچز میں واقع کیمیکل پلانٹ میں ہوئے ۔