داخلوں سے متعلق ٹی ایس کونسل فار ہائر ایجوکیشن کے رہنمایانہ خطوط

   


حیدرآباد ۔ 27 اگست (سیاست نیوز) چونکہ تعلیمی اداروں کی جانب سے کونسلنگ کے اختتام سے قبل ہی داخلوں کیلئے پیچھے کے دروازے کھولنے سے متعلق تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اس لئے تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائر ایجوکیشن نے کہا کہ اگر اس طرح کے غلط کاموں کا ثبوت فراہم کیا جائے تو ان اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائر ایجوکیشن کے چیرمین پروفیسر آر لمبادری نے کہا کہ ’’ہم طلبہ اور اولیائے طلبہ سے یہ کہہ رہے ہیں کہ اگر تعلیمی اداروں کی جانب سے کونسلنگ سیشنس کے اختتام سے قبل اور اسٹیٹ کونسل کے اعلامیہ کے بغیر داخلے دیئے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ جب تک ثبوت نہ ہو ہم کسی کا نام نہیں لے سکتے ہیں لیکن آج میں یہ کہہ رہا ہوں کہ اس طرح کے داخلے منسوخ ہوں گے اس لئے ہر ایک کو اعلامیہ جاری ہونے کا انتظار کرنا چاہئے‘‘۔ انہوں نے طلبہ اور اولیائے طلبہ سے یہ بھی کہا کہ وہ اس بات کی تحقیق کریں کہ تعلیمی اداروں اور کالجس یو جی سی کے مسلمہ ہیں یا نہیں۔ ان اداروں کا یو جی سی کے مسلمہ ہونا لازمی ہے۔ بعدازاں انہوں نے کہا کہ کسی گورنمنٹ کالج میں خالی نشستیں نہیں ہوں گی اور عہدیدار اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ تیسرے مرحلہ میں تمام نشستوں کے پُر ہونے تک توسیع ہو اور کوئی نشست خالی نہ رہنے پائے۔