پولیس اکیڈیمی میںآئی پی ایس پروبیشنرس کی پاسنگ آوٹ پریڈ۔ امیت شاہ نے سلامی لی اور خطاب کیا
حیدرآباد 11 فبروری ( سیاست نیوز ) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ ملک کی داخلی سلامتی ہمیشہ ہی ایک چیلنج رہی ہے اور خطرات سے نمٹنے کیلئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے آج سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی میں آئی پی ایس پروبیشنرس کی 74 ویںپریڈ کی سلامی لی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر امتناع عائد کرتے ہوئے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے اور اس فیصلے کے ذریعہ دنیا کیلئے ایک مثال قائم کی ہے ۔ امیت شاہ نے مزید کہا کہ آج کے دور میں جو حالات ہیں ان کے مطابق پولیسنگ کے پہلو بدل گئے ہیں۔ ایک رخی پہلو اب بدل کر ہمہ رخی ہوگئے ہیں اور پولیس عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ نئے چیلنجس کا سامنا کریں اور مسائل سے نمٹنے کیلئے موثدر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے پولیس ٹکنالوجی مشن پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ اس کا مقصد ملک کی داخلی سلامتی کو مستحکم بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شعور بیداری ‘ تیاری اور انفورسمنٹ کے ذریعہ اس مشن کو کامیاب بنایا جاسکتا ہے اور پولیس ہیڈ کاسنٹیبل سے ڈی جی پی تک سبھی کو ٹکنالوجی سے واقف ہونا چاہئے اور سکیوریٹی فورسیس کو مستحکم کرنا چاہئے تاکہ وہ آئندہ دنوں میں کسی بھی چیلنج کا موثر انداز میں سامنا کرسکیں۔ آئی پی ایس پروبیشنرس کو امرت کال بیچ قرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ تین داخلی سلامتی ہاٹ اسپاٹس کے اثرات گذشتہ آٹھ برسوں میں کم ہوئے ہیں کیونکہ حکومت کی جانب سے موثرا قدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میںدہشت گردی ‘ شمال مشرق میںتخریب کاری اور بائیں بازو کی انتہاء پسندی ملک کے کچھ حصوں میں کم ہوئی ہے ۔ یہ سب کچھ مستحکم سیاسی عزم و حوصلے کی وجہ سے ممکن ہوسکی ہے اور سکیوریٹی فورسیس کی طاقت میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے آئی پی ایس پروبیشنرس پر زور دیا کہ وہ ہمیشہ خود کو دستیاب رکھیں ‘ جوابدہی کا احساس رکھا جائے اور پولیسنگ کو مستحکم بنانے کیلئے بہتر طریقہ کار اختیار کریں۔ آج کی دکشانت پریڈ میں جملہ 187 پروبیشنرس نے حصہ لیا جن میں 37 خواتین اور 29 بیرونی عہدیدار بھی شامل ہیں۔ پریڈ میںجملہ 195 آفیسر ٹرینیز نے حصہ لیا جن میں 166 آئی پی ایس آفیسر ٹرینیز اور 28 ٹرینیز دوسرے ممالک سے تعلق رکھتے ہیں‘۔ بیرونی ٹرینیز میں بھوٹان سے چھ ‘ مالدیپ سے آٹھ ‘ نیپال سے پانچ اور ماریشس پولیس کے 10 عہدیدار شامل ہیں۔ پہلی مرتبہ پولیس اکیڈیمی و نلسار یونیورسٹی کے یادداشت مفاہمت سے آفیسر ٹرینیز کو پوسٹ گریجویشن کی ڈگری اور بیرونی ٹرینیز کو ڈپلوما سرٹیفیکٹ بھی دیا جا رہا ہے۔
