دارالحکومت کی منتقلی کیلئے جگن اور حکومت کی سازش: چندرا بابو

   

امراوتی۔/21 اگسٹ، ( پی ٹی آئی) تلگودیشم پارٹی نے الزام عائد کیا کہ آندھرا پردیش میں وائی ایس جگن موہن ریڈی حکومت‘ امراوتی کو سیلاب سے متاثر علاقہ ظاہر کرتے ہوئے ریاستی دارالحکومت کو کسی دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی سازش کررہی ہے تاہم حکمراں جماعت وائی ایس آر کانگریس نے اس الزام کی تردید کی ہے۔ ٹی ڈی پی کے صدر چندرابابو نائیڈو نے حکومت سے وضاحت طلب کی اور کانگریس نے مطالبہ کی تائید کی۔ جس کے ساتھ ہی اس مسئلہ پر تازہ تنازعہ پیدا ہوا ہے۔ وائی ایس آر کانگریس کے قائدین نے صدر مقام بنائے جانے والے شہر امراوتی کی ترقی کے بارے میں شبہات کا اظہار کیا تھا۔ وائی ایس آر کانگریس کے ترجمان امباٹی رام بابو نے راجدھانی کو کسی دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی تردید کی ہے۔