دارالعلوم دیوبند کے کارگزار مہتمم مولانا قاری عثمان منصورپوری کا انتقال

   

نئی دہلی: ازہر ہند دارالعلوم دیوبند کے سینئر استاذِ حدیث ومعاون مہتمم، جمعیۃ علماء ہند کے صدر، امیرشریعت اور شیخ الاسلام حضرت مولانا حسین احمد مدنیؒ کے داماد مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری کا آج یہاں مختصر علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ وہ گزشتہ پندرہ دنوں سے بیمارتھے اور گوڑگاَؤں کے ایک پرائیویٹ میں زیر علاج تھے اور وہیں ان کا انتقال ہوا۔ان کی عمر 76 سال تھی۔ پسماندگان میں دو فرزندان مفتی سید سلمان منصوری اور مفتی سید عفان منصوری اور ایک دختر ہے ۔ ان کے جسد خاکی کو دہلی سے دیوبند لے جارہا ہے جہاں مزار قاسمی میں ان کی تدفین عمل میں آئے گی۔ان کے انتقال کی وجہ سے علمائے دیوبند، دارالعلوم دیوبند اور جمعیۃ علمائے ہند کا عظیم خسارہ ہوا ہے جس کی تلافی مشکل ہے ۔ خاندانی ذرائع کے مطابق قاری عثمان نے جمعہ کو سوا ایک بجے آخری سانس لی۔ تقریباً 15 روز سے دیوبند میں گھر پر ہی زیر علاج تھے ۔ دو روز قبل گروگرام کے ایک خانگی دواخانہ میں داخل کرائے گئے تھے ۔ان کی پیدائش ضلع مظفرنگر کے قصبہ منصور پور میں 12اگست 1944کو ہوئی تھی۔