دارلعلوم دیوبند میں پھنسے اے پی اور تلنگانہ کے طلبہ گھروں کو روانہ

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد17مئی (یواین آئی)لاک ڈاون کی وجہ سے دارلعلوم دیوبند میں گزشتہ 50 دن سے پھنسے آندھراپردیش کے 110 طلبہ اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے ۔ ان طلبہ کی روانگی کے سلسلہ میں آندھراپردیش کے نائب وزیر اعلی امجد باشاہ اورآئی اے ایس عہدیدار ارجہ سریکانت نے کافی تعاون کیاجس کا جمعیۃ علماء نے شکریہ ادا کیا۔حسین احمد مظاہری کنونیر جمیعت علماء وجئے واڑہ آندھراپردیش نے کہا کہ ہر ضلع کے مقامی ذمہ داران بالخصوص اے پی کے چتور ضلع کے صدر مولانا محمد حسین،گنٹور کے مفتی عبد اللہ قاسمی وجئے واڑہ سٹی کے صدر مفتی سید عبد الرحیم قاسمی اوردیگر کا اس سلسلہ میں اہم رول رہا۔جمعیۃ علماء آندھراپردیش وتلنگانہ کے صدر حافظ پیر شبیر احمد مستقل حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ جنرل سکریٹری حافظ پیر خلیق احمد صابر اور مولانا مصدق قاسمی نے بھی اس سلسلہ میں رہبری کی۔ انہوں نے کہا کہ دیوبند اترپردیش میں جمیعت کے ذمہ دار حافظ زہین کی مقامی اعتبار سے مسلسل جد وجہد رہی۔اے پی کے طلبہ کے ساتھ ساتھ تلنگانہ کے نظام آباد شہر کے طلبہ جو دیوبند میں پھنسے ہوئے تھے وہ بھی اپنے آبائی مقام کے لئے روانہ ہوگئے ہیں۔عبدالقیوم شاکر القاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء نظام آباد نے کہا کہ یہ طلبہ لاک ڈاون کی وجہ سے دارالعلوم دیوبند میں ہی پھنسے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ یہ طلبہ بذریعہ بس دارالعلوم سے نکل چکے ہیں۔