شمال مغربی شام میں خفیہ کارروائی ۔ البغدادی نے خودکش جیکٹ کا دھماکہ کرکے خود کو اڑالیا
واشنگٹن 27 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی امریکی خصوصی افواج کے ایک حملے میں شمال مغربی شام میں ہلاک ہوگئے ۔ امریکی میڈیا نے آج یہ اطلاع دی ۔ امریکی محکمہ دفاع کے ایک سینئر عہدیدار کے حوالے سے اور واقعات سے علم رکھنے والے ذرائع کے حوالے سے سی این این نے اطلاع دی ہے کہ ابوبکر البغدادی نے اس حملے کے دوران خود کش جیکٹ کو اڑا لیا اور ہلاک ہوگئے ۔ عہدیدار کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا گیا کہ سی آئی اے نے البغدادی کا پتہ معلوم کرنے میں مدد کی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ اس ہلاکت کی قطعی توثیق کی گئی ہے ۔نعش کا ڈی این اے اور بائیو میٹرک معائنہ کیا گیا۔ اس دوران وائیٹ ہاوز کے ڈپٹی پریس سکریٹری ہوگن گڈلے نے کہا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ بہت جلد ایک بڑا اعلان کرنے والے ہیں۔ انتظامیہ کے عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے سی این این نے کہا کہ یہ اعلان خارجہ پالیسی سے متعلق ہے ۔ ٹرمپ نے قبل ازیں کسی تفصیل کے بغیر ٹوئیٹ کیا کہ بہت بڑا کام ہوچکا ہے ۔ نیوز ویک نے اطلاع دی کہ دنیا کا زیادہ مطلوب شخص ہلاک ہوگیا ہے ۔ صدر ٹرمپ نے ایک ہفتے قبل اس مشن کو منظوری دی تھی ۔ پنٹگان سینئر عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا البغدادی امریکہ کی جانب سے داعش کے آخری گڑھ میں انتہائی خفیہ کارروائی کا اصل نشانہ ہے۔(مزید متعلقہ خبریں صفحہ 3 پر)