واشنگٹن۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں موجود داعش خراسان کے امیر ثنا اللہ غفاری کی گرفتاری میں مدد دینے پر ایککروڑ ڈالر انعام کی پیشکش سے طالبان بھی فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ افغانستان میں داعش خراسان کے امیر ثنا اللہ غفاری کی سربراہی میں 5 ہزار خطرناک جنگجو برسرپیکار ہیں جن کے خاتمے کے لئے طالبان سے رابطہ میں ہیں۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ طالبان کے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے امریکی حکام دوحہ میں ہونے والے امن مذاکرات پر عمل درآمد کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے نئی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔اس موقع پر ایک صحافی کے سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ داعش سربراہ ثنا اللہ غفاری کے ٹھکانے کا پتا دینے پر 10 ملین ڈالر انعام کی پیشکش کا فائدہ طالبان بھی اُٹھا سکتے ہیں۔