داعش کا خطرہ ہنوز موجود : اقوام متحدہ

   

نیویارک : اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اسلامک اسٹیٹ داعش گروپ کی طرف سے لاحق خطرہ بدستور بلند سطح پر ہے اور تنازعات سے دوچار علاقوں میں اور ان کے آس پاس اس خطرے میں اضافہ ہوا ہے۔ افریقہ کے وسطی حصے ، جنوبی اور ساحل کے علاقوں میں گروپ کی توسیع خاص طور پر تشویشناک ہے۔ انڈر سیکرٹری جنرل ولادیمیر وورونکوف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کوجمعرات کو بتایا کہ یہ گروپ انٹرنیٹ، سوشل میڈیا، ویڈیو گیمز اور گیمنگ پلیٹ فارمز کا استعمال جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ بنیاد پرستی اور نئے لوگوں کو بھرتی کرنے کے لیے اپنے پروپیگنڈے کی رسائی کو بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ داعش کی جانب سے نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کا استعمال بھی ایک بڑی تشویش ہے۔ وورونکوف نے نگرانی اور جاسوسی کے لیے ڈرونز کے مسلسل استعمال کے ساتھ ساتھ رقم اکٹھا کرنے کے لیے ورچوئل اثاثوں کی طرف بھی توجہ دلائی۔