قندھار ۔12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) افغان انٹیلی جنس سروس کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا اور مشرقِ بعید میں داعش کا سربراہ، ضیاء الحق عرف ’’شیخ عمر خراسانی‘‘ اپنے دو سینئر ساتھیوں سمیت کابل سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔مبینہ طور پر شیخ خراسانی کے ساتھ گرفتار ہونے والے دو افراد میں سے ایک اس کا ترجمان صہیب اور دوسرا داعش کا چیف آف انٹیلی جنس ابو علی ہے۔دیگر ذرائع سے اب تک اس خبر کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے تاہم سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ خبر درست ثابت ہوئی تو یہ افغانستان میں داعش کے خلاف ایک اہم اور بڑی کامیابی ہوگی۔حال ہی میں گرفتار ہونے والے چار سینئر داعشی ارکان کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں شیخ خراسانی کی گرفتاری عمل میں آئی۔