داعش کی خاتون بٹالین سربراہ گرفتار

,

   

نیویارک : امریکہ میں حکام نے ایک خاتون کو داعش کا حصہ بن کر ’خواتین کی بٹالین اے کے 47‘ چلانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ریاست ورجنیا کے شہر الیگسینڈریا کے اٹارنی نے ہفتہ کو اعلان کیا ہے کہ 42 برس کی ایلیسن فلوک ایکرن پر دہشتگرد تنظیم کو سامان پہنچانے کا الزام ہے۔یہ شکایت 2019 میں درج کروائی گئی تھی تاہم ایلیسن فلوک ایکرن کوجمعے کو امریکہ واپس لائے جانے کے بعد ہفتہ کو اس معاملے کو عدالت میں پیش کیا گیا۔استغاثہ کا کہنا ہے کہ ایلیسن فلوک ایکرن کو امریکہ میں ایک کالج پر حملہ کرنے کے لیے کچھ افراد بھرتی کرنے تھے اور ایک شاپنگ مال پر بھی حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنی تھی۔فیڈرل بیورو آف انویسٹیگیشن کے ایجنٹ ڈیوڈ رابنس کی طرف سے جمع کروائے گئے بیان حلفی میں ایلیسن فلوک ایکرن پر الزام ہے کہ وہ 2016 میں شام کے شہر راقہ میں داعش کے ’خطیبہ نوسیبہ‘ نامی یونٹ کی سربراہ بنی تھی۔بیان حلفی میں لکھا گیا ہے کہ خواتین پر مبنی اس یونٹ میں اے کے 47 رائفل، گرینیڈ اور خودکش بیلٹ کے استعمال کی ٹریننگ دی جاتی تھی۔امریکی اٹارنی کے فرسٹ اسسٹنٹ راج پاریکھ کی طرف سے درج حراستی میمو کے مطابق ایلیسن فلوک ایکرن بچوں کو بھی رائفل کے استعمال کی ٹریننگ دیتی تھیں۔