داعش کے حملے اور جھڑپ میں اسدنواز ملیشیا کے 26 جنگجو ہلاک

   

طرابلس : شام کے مشرقی علاقے میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے ایک حملے اور جھڑپ میں اسدنواز ملیشیا کے 26 جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ صوبہ دیرالزور میں پیر کی صبح داعش نے اسدنواز جنگجوؤں کے قافلے پر حملہ کیاتھا اور اس کے بعد ان کے درمیان خونریز لڑائی چھڑ گئی تھی۔رصدگاہ کے مطابق لڑائی میں طرفین کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔البتہ اس نے صرف شامی حکومت کے حامی جنگجوؤں کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔سال کے آغاز کے بعد شام میں کسی ایک جھڑپ میں اسد نواز جنگجوؤں کا یہ سب سے زیادہ جانی نقصان ہے۔داعش نے 30 دسمبر کو صوبہ دیرالزور میں ایک بس پر حملے کی بھی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔اس حملے میں 37 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ داعش کا 2019ء کے اوائل میں اپنی نام نہاد خلافت کے خاتمے کے بعد شامی فوج پر یہ سب سے تباہ کن حملہ تھا۔عراق کی سرحد کے نزدیک واقع شام کا یہ مشرقی علاقہ ماضی قریب میں داعش کا مضبوط گڑھ رہا ہے۔داعش کے جنگجو اب آئے دن جنگ زدہ ملک کے مختلف علاقوں میں صدر بشارالاسد کی وفادار فوج یا ان کے اتحادی جنگجوؤں پر حملے کرتے رہتے ہیں۔