پیرس ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) فرانس کے وزیر خارجہ جان ایف لودریاں کے مطابق اْن کا ملک اب تک شدت پسندوں کے 17 بچوں کو وطن واپس لا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرانس ان بے قصور بچوں کی واپسی کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتا ہے۔اتوار کی شام فرانسیسی میڈیا کے مشترکہ پروگرام کے دوران لودریاں کا کہنا تھا کہ اْن کا ملک مذکورہ بے قصور بچوں کی واپسی کو یقینی بنانے کا خواہاں ہے اس شرط کے ساتھ کہ ان بچوں کی مائیں اس پر آمادہ ہوں۔واپس آنے والے بچوں کی عمروں کے حوالے سے فرانس کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ ان کے ملک کی حکومت نے ابھی تک اْن بچوں پر اکتفا کیا ہے جن کی عمریں 6 برس سے کم ہیں۔واضح رہے کہ فرانس نے گذشتہ برس نومبر میں داعش تنظیم کے چنگل سے فرار ہو کر آنے والی یزیدی فرقے کی 27 خواتین اور ان کے بچوں کا استقبال کیا تھا۔ یہ خواتین اغوا ہونے کے بعد کئی برس تک مذکورہ دہشت گرد تنظیم کی قید میں رہیں۔ فرانس نے 2018 کے اواخر میں اعلان کردہ پروگرام کے تحت یزیدی خواتین کے استقبال کا آغاز کیا تھا۔