٭ پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ٹیم ساتھی دانش کنیریا کو بعض پاکستانی کرکٹرس کے تعصب کا سامنا کرنا پڑا، جو ان کے ساتھ کھانا کھانے سے تک پس و پیش کرتے رہے کیونکہ وہ ہندو ہیں۔کنیریا نے اختر کے دعوے کی توثیق کی ہے۔ کنیریا پاکستان کے لئے کھیلنے والے صرف دوسرے ہندو کھلاڑی رہے جبکہ ان کے ماموں انیل دلپت پہلے کھلاڑی تھے۔ کنیریا نے 61 ٹسٹ میں 261 وکٹس بہ اوسط 34.79 حاصل کئے۔ انہوں نے 18 ونڈے میچس بھی کھیلے۔ اختر کا انکشاف پی ٹی وی اسپورٹس پر نشر کردہ شو ’’گیم آن ہے‘‘ کے دوران ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے کیریئر میں انہوں نے دو تین کھلاڑیوں سے لڑائی کی کیونکہ وہ ہندو ساتھی کے ساتھ سوتیلا برتاؤ کیا کرتے تھے۔