واشنگٹن، 21جنوری (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا طیارہ ایئر فورس ون منگل کے روز پرواز کے کچھ ہی دیر بعد ایک ’’معمولی برقی خرابی‘‘کے باعث جوائنٹ بیس اینڈریوز واپس آگیا۔ یہ اطلاع وائٹ ہاؤس نے دی۔ٹرمپ سوئٹزرلینڈ کے شہر داوس میں منعقد ہونے والے عالمی اقتصادی فورم 2026 میں کلیدی خطاب کیلئے روانہ ہو رہے تھے ۔ وائٹ ہاؤس کی ریپڈ رسپانس ٹیم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ “احتیاطی تدبیر کے طور پر ایئر فورس ون جوائنٹ بیس اینڈریوز واپس آ رہا ہے ۔ صدر اور ان کی ٹیم ایک دیگر طیارے میں سوار ہو کر سوئٹزرلینڈ کیلئے روانہ ہوں گے ۔”ریپڈ رسپانس ٹیم کے مطابق، ٹیک آف کے بعد ایئر فورس ون کے عملے نے ایک معمولی برقی خرابی کی نشاندہی کی، جس کے پیشِ نظر احتیاطاً طیارے کو واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا۔امریکی فضائیہ کے زیر انتظام ایئر فورس ون طویل عرصے سے صدارت کی علامت رہا ہے ۔ بوئنگ 1943 سے صدارتی نقل و حمل کیلئے خصوصی طور پر تیار طیارے فراہم کر رہا ہے ، جن میں بوئنگ 314 کلپر سے لے کر موجودہ وی سی-25اے اور نیکسٹ جنریشن کے وی سی-25بی شامل ہیں۔ٹرمپ کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب گرین لینڈ کے حصول کیلئے امریکہ کی کوششوں پر یورپی اتحادیوں کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔