داویندر سنگھ کو خاموش کرنے کیس کی این آئی اے تحقیقات بہتر

   

این آئی اے سربراہ پر کانگریس لیڈر راہول گاندھی کا طنز
نئی دہلی 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی نے جمعہ کو الزام عائد کیاکہ جموں و کشمیر کے ڈی ایس پی داویندر سنگھ کو خاموش کرنے کا بہترین طریقہ اس کے خلاف تحقیقات کو این آئی اے کے سربراہ وائی سی مودی کے سپرد کرنا ہے۔ جن کی نگرانی میں یہ کیس بالکل ختم اور بند جیسا ہوجائے گا۔ راہول گاندھی نے نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی کے سربراہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ قبل ازیں اُنھوں نے گجرات فسادات اور ہرین پانڈیا قتل کیسیس کی تحقیقات بھی کی تھی۔ راہول گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’دہشت گرد داویندر سنگھ کو خاموش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہوسکتا ہے کہ یہ کیس این آئی اے کے حوالے کردیا جائے۔ اس ایجنسی کی قیادت بھی ایک اور مودی ہی کررہے ہیں جنھوں نے ماضی میں گجرات فسادات اور ہرین پانڈیا قتل کی تحقیقات بھی کی تھی۔ راہول گاندھی نے الزام عائد کیاکہ ان (وائی سی مودی) کی نگرانی میں یہ کیس بالکل ختم اور بند ہوسکتا ہے۔