ایک ہندوستانی سمیت 4 افراد زخمی ۔ پروازوں کی آمدورفت جاری
دبئی۔ 11 مارچ (ایجنسیز) دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دو ڈرون گرنے سے چار افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ دبئی میڈیا آفس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دو ڈرون گرنے کے بعد چار افراد زخمی ہو گئے جن میں ایک ہندوستانی شہری بھی شامل ہے۔متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے بتایا کہ وہ ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کو روکنے (انٹرسیپٹ کرنے) کی کارروائی کر رہی ہے۔ اسی دوران دبئی میڈیا آفس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرون گرنے سے ایک ہندوستانی شہری کو چوٹیں آئی ہیںجبکہ گھانا کے دو شہری اور ایک بنگلہ دیشی شہری معمولی زخمی ہوئے۔دبئی میڈیا آفس نے مزید کہا ہے کہ پروازوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے۔متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا ہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دو ڈرون گرنے کے بعد مسافریں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایئرپورٹ پر موجود ایک مسافر نے بتایا کہ ڈرون گرنے کے بعد مسافروں کو شیشے کی کھڑکیوں سے دور جانے اور زیادہ محفوظ جگہ پر پناہ لینے کی ہدایت دی گئی تھی۔یاد رہے کہ ہفتے کے روز بھی ایک ڈرون ایئرپورٹ کے ٹرمینل بلڈنگ کے قریب آ کر گرا جس کے ساتھ ہی زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔حکام کے مطابق پروازوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔
ایران کا اسرائیل پر تازہ حملہ ، جانی نقصان کی اطلاع نہیں
تہران ۔ 11 مارچ (ایجنسیز) بین الاقوامی میڈیا نے اسرائیلی فوج کے حوالہ سے کہا ہے کہ آج ایران کی جانب سے اسرائیل کی سرحدوں کی طرف میزائل داغے گئے ہیں۔اسرائیل ڈیفنس فورسز نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ وہ اس خطرے کو ناکام بنانے کی کوشش کررہی ہے اور جن علاقوں میں ممکنہ طور پر اثرات پڑ سکتے ہیں وہاں لوگوں کو موبائل فون الرٹس کے ذریعے خبردار کیا جا رہا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ الرٹ ملنے کی صورت میں شہری فوری طور پر محفوظ مقام پر چلے جائیں اور اگلی ہدایت تک وہیں موجود رہیں۔تاہم اس حملہ میں فوری طور پر کسی بھی طرح کی جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی فوری اطلاع نہیں ملی۔