دبئی ایئرپورٹ پر یکم اگست سے نئے قواعد کا لزوم

   

ابوظہبی۔ دبئی ایئرپورٹ پر یکم اگست سے نئے قواعد و ضوابط لاگو ہوں گے۔ دْبئی ایئرپورٹ اتھارٹی نے نئی سفری ہدایات جاری کی ہیں جس پر عمل درآمد یکم اگست سے ہوگا۔ اْردو نیوز کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، دبئی ورلڈ سینٹرل ایئرپورٹ سے تمام سفر کرنے والے مسافروں پر نئی ہدایات لاگو ہوں گی۔ایئرپورٹ میں صرف ان مسافروں کو داخل ہونے دیا جائے گا جن کے پاس موثر ٹکٹ ہوں گے۔کوئی بھی مسافر شیڈولڈ پرواز سے 4 گھنٹے پہلے ایئرپورٹ کا رخ نہ کرے۔ ایئرپورٹ آتے وقت دستانے اور ماسک کی پابندی کرنا ہوگی۔جن مسافروں پر کورونا وائرس کی علامتیں نمودار ہوگئی ہوں وہ ایئرپورٹ نہ آئیں۔ تمام شہریوں، غیرملکیوں، سیاحوں اور ٹرانزٹ کے مسافروں کو دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور دبئی ورلڈ سینٹرل ایئرپورٹ پہنچنے سے قبل کورونا وائرس نہ ہونے کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پی سی آر منفی سرٹیفیکیٹ ٹیسٹ کے وقت سے 96 گھنٹے تک موثر ہوگا۔ بعض مسافروں کا پی سی آر دبئی ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد لیا جائے گا۔ البتہ 12 برس سے کم عمر اور معذور بچے اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔