دبئی : دبئی ایکسپو 2020 نے دنیا کے بڑے تجارتی میلے کی تعمیر کے دوران سائٹ پر 6 مزدوروں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔قبل ازیں ایکسپو نے کہا تھا کہ اس سائٹ کو بنانے کے لیے 2 لاکھ مزدوروں نے 24 کروڑ گھنٹے کام کیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے میڈیا اداروں اور دیگر صحافیوں کی بار بار درخواستوں کے باوجود کارکنوں کی ہلاکتوں، زخمیوں یا کورونا وائرس کے انفیکشن کے بارے میں پہلے کوئی مجموعی اعدادوشمار پیش نہیں کیے تھے۔یہ اعتراف اس وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ ماہ یورپی پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ پر زور دیا تھا کہ وہ ایکسپو میں حصہ نہ لیں۔انہوں نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ‘غیر ملکی مزدوروں سے غیر انسانی رویے اور طرز عمل’ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ صورتحال وبائی مرض کے پھیلاؤ کے دوران مزید خراب ہوگئی ہے۔