دبئی۔ 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ پیسنجر ٹریفک کے مطابق بین الاقوامی سفر کے اعتبار سے دبئی نے دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈے کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔ دبئی انٹرنیشنل کے مسافروں کی تعداد میں کمی ہوئی ہے تاہم اس کے باوجود یہ پہلے مقام پر ہی ہے۔خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات میں شامل دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو ایک مرتبہ پھر دنیا کا مصروف ترین ایئر پورٹ قرار دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سن 2019 میں اس ہوائی اڈے سے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد چھیاسی ملین سے زائد رہی۔یہ تعداد دوسری پوزیشن پر آنے والے لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے سے چھ ملین زیادہ ہے۔ گزشتہ برس دبئی ایئر پورٹ کو استعمال کرنے والے مسافروں میں تین فیصد کمی واقع ہونے کے باوجود اْسے مصروف ترین قرار دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایک رن وے کی مرمت کا کام جاری ہے، جس کی وجہ سے پروازوں میں کمی ہوئی ہے اور اور یہ ہوائی سروس کے لیے بند ہے۔ ایک اور وجہ بوئنگ میکس طیاروں کو گراؤنڈ کرنا بھی ہے۔ یہی ایئر پورٹ دنیا کی مقبول ایئر لائن ایمیریٹس کا گھر بھی ہے۔ اسی ہوائی اڈے سے قریبی خلیجی ریاستوں اور ایران کے لیے قدرے سستی ہوائی کمپنی ‘فلائی دبئی‘ بھی اپنا بزنس جاری رکھے ہوئے ہے۔