دبئی شاپنگ فیسٹیول میں حیدرآبادیوں کی کثیر تعداد شریک

   

حیدرآبادی ریسٹورنٹس اور ڈش کی مانگ ،دبئی شاپنگ فیسٹیول کو حیدرآباد صنعتی نمائش پر ترجیح
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ہر سال جنوری میں ’ حیدرآباد نمائش ‘ منعقد ہوتی ہے جاریہ سال یہ 70 ویں نمائش ہے ۔ شائد حیدرآباد دکن میں شروع کی گئی اس نمائش کے طرز پر دوسرے ملکوں میں بھی نمائشوں کا اہتمام کیا جانے لگا ۔ شاپنگ فیسٹیول منعقد ہونے لگے ۔ جہاں تک حیدرآباد شہریوں کا سوال ہے وہ نمائش کا بے چینی سے انتطار کیا کرتے تھے ۔ لیکن اب وہ حیدرآباد صنعتی نمائش کی طرح دوبئی شاپنگ فیسٹیول میں بھی شرکت کررہے ہیں ۔ اس کی سب سے اہم وجہ یہ ہے کہ دنیا ایک عالمی گاؤں میں تبدیل ہوگئی ہے ۔ فاصلے گھٹ گئے ہیں ۔ شہری ہوا بازی کے شعبہ میں مسابقت بڑھ گئی ہے ۔ ان حالات میں حیدرآبادی اپنے شہر کی تاریخی نمائش پر دوبئی شاپنگ فیسٹیول کو ترجیح دینے لگے ہیں ۔ آپ کو بتادیں کہ دوبئی شاپنگ فیسٹیول ہر سال 26 دسمبر تا 26 جنوری منعقد ہوتا ہے ۔ یہاں موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں حیدرآبادی اس فیسٹیول میں شرکت کررہے ہیں ۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ 2005 میں رئیل اسٹیٹ کے زور پکڑنے کے بعد دوبئی شاپنگ فیسٹیول میں حیدرآبادیوں کی شرکت میں اضافہ ہوا ہے ۔ یہ بھی کہا جارہا ہے 2005-2012 کے دوران دوبئی شاپنگ فیسٹیول کا مشاہدہ کرنے کے لیے آنے والوں میں سب سے زیادہ حیدرآبادی تھے ۔ جب کہ اس سے قبل دوبئی روزگار کے خواہاں افراد کا ایک مرکز سمجھا جاتا تھا ۔ دوبئی شاپنگ فیسٹیول میں جو بین الاقوامی سیاح دوبئی آتے ہیں ان میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والوں کی قابل لحاظ تعداد ہوتی ہے جو ایک ماہ تک جاری رہنے والے فیسٹیول میں بڑی دلچسپی کے ساتھ شرکت کرتے ہیں ۔ یوروپی ممالک سے بھی کثیر سیاح دوبئی شاپنگ فیسٹیول سے محظوظ ہونے کے لیے یو اے ای آئے ہیں ۔ اس فیسٹیول میں صارفین کو سونے کے زیورات ، ہیرے جواہرات ، پرفیومس (عطریات ) ، لیدر کی مصنوعات ، پارچہ جات ، تیار ملبوسات ، فٹ ویر غرض بے شمار اشیاء کی خریدی پر کوئی ٹیکس بھی عائد نہیں کیا جاتا ۔ ٹراویل ایجنٹس کے مطابق دوبئی شاپنگ فیسٹیول میں آنے والوں میں 54 فیصد ہندوستانی ہوتے ہیں ۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ کئی ہندوستانیوں نے دوبئی کے رئیل اسٹیٹ شعبہ میں سرمایہ مشغول کر رکھا ہے اور دوبئی ان کے لیے دوبئی آنا جانا گھر آنگن کی طرح ہوگیا ہے ۔ ویسے بھی دوبئی میں حیدرآبادی اور دیگر ہندوستانی کھانے بآسانی دستیاب ہیں ۔ ہر سڑک پر کم از کم ایک ہندوستانی ریسٹورنٹ ضرور دکھائی دے گی جب کہ حیدرآباد سے دوبئی یومیہ دس پروازیں چلائی جارہی ہیں اور دوبئی شاپنگ فیسٹیول کے لیے حیدرآبادیوں کو 48000 اور 62000 کا پیاکیج پیش کیا جارہا ہے ۔ جس کے ذریعہ وہ دوبئی میں 4 رات 5 دن قیام کرسکتے ہیں یا پھر 6 دن اور 5 راتیں قیام کرسکتے ہیں ۔۔