دبئی میں اجازت نامہ کے بغیرافطارتقسیم کرنے پرجرمانہ ہوگا

   

دبئی : دبئی کے جو رہائشی اس سال رمضان کے دوران میں افطارکا کھانا تقسیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں،انھیں مشورہ دیاگیا ہے کہ وہ ایک لاکھ درہم (27,227 ڈالر) کے بھاری جرمانے سے بچنے کے لیے پیشگی اجازت نامہ حاصل کریں۔دبئی میں محکمہ برائے اسلامی امور اورخیراتی سرگرمیاں نے ایک پریس کانفرنس میں عطیہ کردہ کھانے کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ضرورت پرزوردیا ہے۔رمضان مسلمانوں کے لیے ایک اہم مہینہ ہے ، جس میں دن کے اوقات میں روزہ رکھا جاتا ہے اور افطار کے ساتھ اس کا ختتام ہوتا ہے۔اس سال 22 یا 23 مارچ کو رمضان کے آغازکا امکان ہے۔دنیابھر میں مسلمان افطارکے کھانے میں شریک ہونے کے لیے مساجد میں یا کسی مشترکہ مخصوص جگہ پر جمع ہوتے ہیں۔بڑے شہروں میں اکثرانھیں مخیّر افراد، ریستورانوں یا خیراتی تنظیموں کی طرف سے کھانے عطیہ کیے جاتے ہیں۔مقدس مہینے میں مسلمان عام طور پرخیراتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اورکھانے پینے کی اشیاء اور فنڈز کے عطیات کے ذریعے غریبوں کو مدد مہیا کرتے ہیں۔