دبئی : دبئی میں محکمہ اقتصادیات و سیاحت نے اپنے شعبے کی کارکردگی اور بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد کے حوالے سے نئے اعدادوشمار جاری کیے ہیں۔الامارات الیوم کے مطابق محکمہ اقتصادیات و سیاحت نے بتایا کہ گزشتہ 9 ماہ کے دوران 13.29 ملین بین الاقوامی سیاح دبئی آئے جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران یہ تعداد 12.40 ملین تھی جس میں اس سال تقریبا 7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔محکمے کے اعدادوشمار کے مطابق جس میں سیاحوں کی مجموعی تعداد، ہوٹل کے کمروں کی تعداد اور ہوٹل میں یومیہ بکنگ کے حوالے سے تمام باتیں پیش کی گئی ہیں۔نئے اعدادوشمار کے مطابق مغربی یورپ سیاحوں میں سرفہرست رہا جہاں سے جنوری سے ستمبر 2024 کے دوران سیاحوں کی کل تعداد کا 19 فیصد 2.56 ملین سیاح ریکارڈ کیے اس کے بعد جنوبی ایشیا کے سیاحوں کا نمبر آتا ہے جو کل تعداد کا 17 فیصد 2.27 ملین رہے۔جی سی سی ممالک اس حوالے سے 15 فیصد حصے 20 لاکھ سیاحوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ مشرقی یورپ کے سیاح 14 فیصد (1.8 ملین) کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔ ایشیائی ممالک کا حصہ 10 فیصد (13 لاکھ) سیاح رہا۔امریکہ سے آنے والے سیاحوں کی تعداد 877 ہزار سے زائد رہی جو کل سیاحوں کا 7 فیصد، اسی طرح افریقہ کے سیاحوں کی تعداد 5 فیصد (636 ہزار) رہی اور آسٹریلیاسے 2 فیصد (256 ہزار) سیاح آئے۔