دبئی میں بالی ووڈ اسٹارس کے گھر محفوظ !

   

دبئی،3 مارچ (ایجنسیز) متحدہ عرب امارات کا سب سے زیادہ آبادی والا شہر دبئی، مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود بالی ووڈ ستاروں کے لیے بدستور ایک دوسرا گھر سمجھا جاتا ہے۔ شاہ رخ خان کا دبئی کے پاش علاقے پام جمیرہ میں ایک وسیع و عریض محل نما گھر ہے جس کا نام جنت ہے۔ یہ جائیداد دنیا کے معروف مصنوعی جزیروں میں شمار ہونے والے پام جمیرہ پر واقع ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ گھر انہیں بطور تحفہ دیاگیا تھا۔ تقریباً 14 ہزار مربع فٹ رقبے پر پھیلے اس گھر کو براہِ راست ساحل تک رسائی حاصل ہے۔ آرمادھون کا بھی دبئی میں ایک گھر ہے، تاہم انہوں نے کہا ہے کہ ان کی جائیداد نسبتاً سادہ ہے۔ انہوں نے ایک موقع پرکہا کہ وہ شاہ رخ خان جیسی شاہانہ طرزِ زندگی سے لطف اندوز نہیں ہوتے۔ دونوں اداکار اس وقت دبئی میں مقیم نہیں ہیں اور اطلاعات کے مطابق موجودہ کشیدگی کے باوجود ان کے مکانات محفوظ ہیں۔ دبئی میں جائیداد رکھنے والی دیگر فلمی شخصیات میں نورا فتحی، دنیش وجن، سلمان خان، راج کندرا اور شلپا شیٹی شامل ہیں۔ انیل کپور اور راکھی ساونت بھی دبئی میں گھر رکھتے ہیں۔ بچن خاندان کی دبئی کے دو پاش علاقوں میں دو بڑی جائیدادیں ہیں۔ ان میں سے ایک ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے بچن کی ملکیت ہے، جبکہ دوسری بچن خاندان کے دیگر افراد کے پاس ہے۔ سنجے دت کے اہلِ خانہ بھی ایک عرصے تک دبئی میں ان کے زیرِ ملکیت گھر میں مقیم رہے، تاہم اب وہ دوبارہ ممبئی منتقل ہو چکے ہیں۔یاد رہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے نتیجے میں خلیجی ممالک کی فضائی حدود بند کردی گئی ہیں اور متعدد پروازیں منسوخ ہوئی ہیں، جس کے باعث کئی ہندوستانی مشہور شخصیات اور مسافر دبئی اور متحدہ عرب امارات میں پھنس گئے ہیں۔ اجیت کمار، ایشا گپتا اور نرگس فخری سمیت کئی اداکاروں نے فضائی حدود کی بندش کے باعث وطن واپسی میں مشکلات کی اطلاع دی ہیں۔