دبئی۔ یکم ؍ نومبر (یو این آئی) اب سفر زمین پر نہیں، آسمان میں ہوگا، نہ ٹریفک سگنل کا انتظار، نہ ٹریفک جام کا جھنجھٹ، دبئی میں فلائنگ ٹیکسی اگلے برس کے پہلے مہینے سے باقاعدہ پروازیں شروع کر دے گے ۔ رپورٹس کے مطابق دبئی میں اڑنے والی ٹیکسیاں اگلے سال جنوری سے باقاعدہ پروازیں شروع کر دیں گی، فلائنگ ٹیکسی دبئی ایئرپورٹ سے اڑان بھرے گی، جس میں 4 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے ۔ بجلی سے چلنے والی ٹیکسی ایک چارج پر 160 کلو میٹر کا فاصلہ طے کر سکتی ہے ، اس کی حد رفتار 320 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے ، فضائی ٹیکسی کا مقصد 2030 تک سفر کو 25 فی صد سیلف ڈرائیونگ بنانا اور کاربن کے اخراج کو کم کرنا ہے ۔ امریکی کمپنی Joby Aviation کے ساتھ مل کر دبئی کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ایک معاہدہ کیا ہے ، جس کے تحت ’الیکٹرک ورٹیکل ٹیک آف اینڈ لینڈنگ‘طیاروں کے ذریعہ شہری فضائی ٹیکسی سروس کے اجرا کی تیاری چل رہی ہے ۔ اس سروس کے لیے دبئی میں چار ورٹی پورٹس (vertiports) بنائے جا رہے ہیں، جن میں پام جمیرہ، دبئی مرینہ، دبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، اور ڈاؤن ٹاؤن دبئی شامل ہیں۔