دبئی :متحدہ عرب امارات میں قتل کیس میں ملوث دو ہندوستانی شہریوں کو سزائے موت دے دی گئی۔ میڈیا کے مطابق ریاست کیرالا کے رہائشی دو افرادکو قتل کے الگ الگ مقدمے میں سزائے موت دی گئی جس کی تصدیق وزارت خارجہ کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔ میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ نے بتایا کہ کیرالا کے رہائشی محمد رناش اور مرالی دھرن کو سزائے موت دی گئی۔ دونوں افراد کیرالا کے علاقے کنار کے رہائشی تھی۔رپورٹس میں بتایا گیا ہیکہ ملزمین پر متحدہ عرب امارات کے شہریوں کو قتل کرنے کا الزام ثابت ہوا تھا جب کہ گرفتاری سے قبل رناش ایک ٹریول ایجنسی کا ملازم تھا۔ میڈیا کا بتانا ہیکہ مرالی دھرن کو ہندوستانی تارکین وطن کو قتل کرنے کے جرم میں سزائے موت دی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکام نے ہندوستانی سفارتخانے کو دونوں ملزمین کی پھانسی سے 28 فروری کو آگاہ کردیا تھا۔
جس کے بعد سفارتخانے نے دونوں کے اہلخانہ سے رابطہ کیا اور انہیں تمام قانونی سہولیات فراہم کیں۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہیکہ سفارتخانے نے ملزمین کی رحم اور معافی کی اپیلیں بھی دائر کی تھیں جسے یو اے ای کی سپریم کورٹ نے مسترد کردیا اور سزائے موت کا فیصلہ برقرار رکھا۔