دبئی میں غلطی سے بینک اکاؤنٹ میں 1.2 کروڑ ڈپازٹ

   

واپس لوٹانے سے انکار پر ہندوستانی شخص کو جیل کی سزا
اتنی ہی رقم کا جرمانہ بھی عائد‘سزا کی تکمیل پر ملک بدر کرنے کا حکم
دبئی :دبئی کی ایک عدالت نے ایک ہندوستانی شخص کو اس کے اکاؤنٹ میں غلطی سے جمع ہوئے 1.2 کروڑ روپے نہیں لوٹانے پر ایک مہینہ کی جیل کی سزا سنائی ہے۔ ’دی نیشنل‘ کی رپورٹ کے مطابق دبئی کریمنل کورٹ نے اس شخص کو اتنی ہی رقم کا جرمانہ ادا کرنے اور سزا پوری ہونے کے بعد اسے ملک بدر کرنے کا حکم دیا۔ قصوروار نے عدالت کو بتایا کہ اسے پیسے ٹرانسفر ہونے کی اطلاع ملی، لیکن یہ جانکاری نہیں تھی کہ پیسہ کہاں سے آیا۔ اس نے کہا کہ اس پیسے سے اس نے اپنے کرایہ اور دوسرے اخراجات کی ادائیگی کی۔’دی نیشنل‘ نے اس شخص کے حوالے سے بتایا کہ ایک کمپنی نے مجھ سے پیسہ واپس کرنے کے لیے کہا لیکن میں نے انکار کر دیا کیونکہ مجھے پتہ نہیں تھا کہ پیسہ اس کا ہے یا نہیں۔ پیسہ ایک میڈیکل ٹریڈنگ کمپنی کے ذریعہ ٹرانسفر کیا گیا تھا۔میڈیکل ٹریڈنگ کمپنی کے ایک افسر نے عدالت کو بتایا کہ غلطی سے پیسہ کمپنی کے اکاؤنٹ کے یکساں دوسرے اکاؤنٹ میں جمع ہو گیا۔ ملزم کے ذریعہ پیسہ واپس کرنے سے انکار کرنے پر کمپنی نے واقعہ کی اطلاع الرفع پولیس اسٹیشن کو دی۔ دبئی پبلک پرازیکیوشن نے ان پر غیر قانونی طریقے سے دولت حاصل کرنے کا الزام عائد کیا۔ قصوروار ٹھہرائے گئے شخص نے فیصلے کے خلاف اپیل کی ہے اور آئندہ ماہ سماعت کی امید ہے۔