دبئی میں قیام کے دوران ثانیہ مرزا کو جنگی حالات کا سامنا

   

ٹینس اسٹار کی اپنے فرزند کے ساتھ حیدرآباد واپسی
حیدرآباد ۔19 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ہندوستان کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے جنگ کے دوران دبئی میں اپنے فرزند کے ساتھ موجودگی کے لمحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے موقع پر دبئی میں خوف کا ماحول تھا۔ ایران کی جانب سے دبئی پر حملوں کے دوران ثانیہ مرزا اپنے فرزند کے ساتھ دبئی میں مقیم تھیں۔ انہوں نے غیر واضح صورتحال کے پیش نظر عید الفطر سے قبل حیدرآباد واپسی کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ رہائشی علاقوں کے قریب بم دھماکوں کی آوازوں سے عوام میں خوف کا ماحول ہے۔ دبئی کے البرشہ علاقہ میں ثانیہ کا قیام تھا اور ان کا کہنا ہے کہ وقفہ وقفہ سے میزائیلس اور انٹرسپیٹرس کی آوازوں نے خوف کا ماحول پیدا کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ انٹرسیپٹرس کا ملبہ شہری علاقوں میں گرنے سے عوام خوفزدہ ہیں۔ ثانیہ مرزا گزشتہ ہفتہ حیدرآباد واپس ہوئیں۔ ان کے فرزند دبئی کے اسکول میں زیر تعلیم ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی دبئی واپسی کا فیصلہ کریں گی۔1