دبئی ۔ دبئی میں 2021 کے آغاز پر ہونے والا نئے سال کا پروگرام دنیا بھر سے ویڈیو کال سے دیکھا جا سکتا ہے۔ عمار اور زوم ویڈیو کمیونیکیشنز گلوبل ویڈیو کال کے ذریعے اس پروگرام میں براہ راست شامل ہونے میں تعاون پیش کر رہے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے رپورٹ کیا ہے کہ دبئی شہر میں آتش بازی اور لائٹ اینڈ لیزر شو ویڈیوکال کے ذریعہ دیکھنے کے لئے50 ہزار ویڈیوکالرزکو رسائی حاصل ہو گی۔ اس پروگرام میں شامل ہونے کے لئے31 دسمبر کی رات جی ایم ٹی وقت شام ساڑھے 4 بجے جب کہ مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 8 بجے رات تک اندراج کرایا جا سکتا ہے۔کورونا وائرس کے باعث متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے اس وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لئے معاشرتی دوری سمیت دیگر اقدامات پر عمل درآمد کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔دبئی میں نئے سال کے جشن پرخصوصی طور پر کی جانیوالی آتش بازی اور دیگر پروگرام دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں۔