دبئی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آج ایشیا کپ فائنل

   


ٹورنمنٹ کا پہلا میچ افغانستان سے ہارنے کے بعد سری لنکا کی غیرمعمولی پیشرفت ۔ نیا دن نیا مقابلہ، پاکستان آسان حریف ہرگز نہیں

دوبئی: سری لنکا کو جب 2022 کے ایشیا کپ T20 کے پہلے میچ میں افغانستان کے مقابل شکست کا سامنا کرنا پڑا تو یہ اس کی گزشتہ 35 ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں 28ویں شکست تھی، لیکن داسن شناکا کی ٹیم نے اس کے بعد ایشیا کپ کا پورا منظر نامہ ہی بدل دیا۔ سری لنکا نے ایشیا کپ 2022 کے پہلے میچ میں شکست کے بعد اپنے اگلے چار میچ جیتے، جس میں 7 بار کے ایشیا کپ چمپئن ہندوستان کو شکست دی اور ساتھ ہی سوپر 4 میچ میں افغانستان کو شکست دے کر اپنا بدلہ چکا دیا۔ کوچ کرس سلور ووڈ کی ٹیم نے بیٹنگ سے لے کر بولنگ اور فیلڈنگ تک شاندار پرفارمنس سے فائنل میں جگہ بنائی اور اب چھٹی بار ایشیا کپ کی ٹرافی اٹھانے سے صرف ایک قدم دور ہے۔ اتوار 11ستمبر کو فائنل میں سری لنکا کا مقابلہ دو بار کے ایشیا کپ چمپئن پاکستان سے ہوگا۔ سری لنکا کی ٹیم نے جمعہ کو ’ڈریس ریہرسل‘ میچ میں پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی، لیکن یہ بات یقینی ہے کہ بابر اعظم کی ٹیم فائنل میں جارحانہ کرکٹ کھیلے گی۔ سری لنکن اسپنرز نے متحدہ عرب امارات کی پچوں پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔ جمعہ کے میچ میں ونیندو ہاسرانگا اور مہیش ٹیکشنا نے پاکستان کے پانچ بلے بازوں کو پویلین بھیجا اور 5.20کی اکانومی سے رنز دیئے ۔ سری لنکن بلے بازوں نے بھی ٹورنمنٹ میں اپنی شاندار کارکردگی سے دل جیت لئے ہیں۔ پاکستان کے برعکس سری لنکا کی ٹیم بیٹنگ لائن اَپ میں چند کھلاڑیوں پر منحصر نہیں ہے جو انہیں بڑے ٹارگٹ کا تعاقب کرنے کے قابل بناتی ہے ۔ دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی کی عدم موجودگی کے باوجود پاکستان کی بولنگ ہمیشہ کی طرح تیز رہی ہے۔ ایشیا کپ میں ہندوستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے نسیم شاہ کی شکل میں پاکستان کو مستقبل کا اسٹار ملا ہے لیکن پورے ٹورنمنٹ میں پاکستان کی بیٹنگ اُن کا کمزور پہلو رہی ہے ۔کپتان بابر نے ٹورنمنٹ کے پانچ میچوں میں صرف 63 رنز بنائے ہیں، حالانکہ انہوں نے سری لنکا کے خلاف گزشتہ میچ میں 30 رنز بنا کر ردھم تلاش کرنے کے آثار دکھائے۔ محمد رضوان اپنی شاندار فارم کے باعث ایشیا کپ 2022 میں 226رنز بنا چکے ہیں۔ تاہم، ان کے علاوہ کوئی اور پاکستانی بیاٹر لگاتار رنز نہیں بنا سکا۔ یو اے ای کے دیگر میچوں کی طرح فائنل میں بھی ٹاس اہم کردار ادا کرے گا۔ ایشیا کپ میں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان مجموعی طور پر 16 میچز کھیلے گئے جن میں سے 11 سری لنکا نے جیتے جبکہ پانچ پاکستان کے حق میں گئے ۔ اس کے برعکس ٹی ٹوئنٹی فارمٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو 22 میں سے 13 بار شکست دی ہے ۔ کپتان بابر دوبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں جیت کو 14 تک لے جانے کیلئے اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھنا چاہیں گے جبکہ سری لنکا ایشیا کپ جیت کر اپنے مالی طور پر کمزور ملک کو خوشی کے کچھ لمحات دینے کی کوشش کرے گا۔ بہرحال دلچسپ مقابلے کی پوری توقع رکھی جاسکتی ہے۔ ایشیا کپ 2022 کا فائنل اتوار کو 7:30بجے سے کھیلا جائے گا۔