دبئی میں پاکستان کی یوم آزادی تقریب کا انعقاد

   

دبئی: متحدہ عرب امارات کے وزیر رواداری و بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی، سفارت کاروں اور نمایاں شخصیات کے ہمراہ پاکستان کی آزادی کی 77 ویں سالگرہ کی شاندار تقریب میں شرکت کی۔وام کے مطابق دبئی ورلڈ ٹریڈ سنٹر میں منعقدہ تقریب میں 10 ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے۔ اس کا اہتمام امارات کے سرکاری میڈیا دفتر نے ’امارات لووز پاکستان‘ پیج، پاکستان اسوسی ایشن دبئی، دبئی پولیس اور دبئی ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے تعاون سے کیا تھا۔شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے امارات اور پاکستان کے گہرے تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور مضبوط کرنے کے عزم پر زور دیا۔انہوں نے کہا’ہمارے ثقافتی، سیاسی، تجارتی اور عوامی روابط مشترکہ اقدار اور عقائد میں گہری جڑیں رکھتے ہیں اور ہمارے قریبی تعلقات کیلئے ایک مضبوط اور مستحکم بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا’ ہمیں امارات میں علاقائی اور عالمی ترقی و خوشحالی کے حصول کیلئے اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کام کرنے پر فخر ہے۔