دبئی : دبئی میں محض پانچ ہزار درہم کیلئے ہوئے تصادم میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے سرعام چھریوں و بلوں سے لیس گروہوں کے تصادم میں 3 افراد کی ہلاکت کے بعد متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے بتایا کہ چھریوں اور بلوں سے لیس 13 افراد کی یہ لڑائی 5 ہزار درہم کیلئے ہوئی۔بعد میں دیگر لوگ بھی اس جھگڑے کا حصہ بن گئے جس کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد ہلاک اور متعدد شدید زخمی ہو گئے۔پولیس نے ابھی تک مشتبہ افراد کی شناخت نہیں کی تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ ایشیائی باشندے تھے البتہ یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ لڑائی کس لیے ہوئی۔گلف نیوز کے مطابق ملزمان جائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے لیکن پولیس نے انہیں 24 گھنٹے کے اندر ہی گرفتار کر لیا۔دبئی پولیس کے محکمہ کرمنل انویسٹی گیشن کے ڈائریکٹر برگیڈیئر جمال سلیم الجلاف نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو ایمرجنسی کال موصول ہوئی جس میں نیف کے علاقے میں جھگڑے کی اطلاع دی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہماری گشت پر مامور ٹیم عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی جہاں ہمیں 3 لاشیں ملیں اور دیگر 3 افراد شدید زخمی تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اس جھگڑے میں 13 افراد ملوث تھے جن میں سے 3 ہلاک اور اتنے ہی زخمی ہوئے، 7 افراد ہمارے پہنچنے سے قبل ہی جائے حادثہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔