دبئی پولیس نے کمسن بچی کی پولیس افسر بننے کی خواہش پوری کر دی

   

ابوظہبی : 26 اکٹوبر ( ایجنسیز ) دبئی پولیس نے کمسن بچی کی پولیس افسر بننے کی خواہش پوری کر دی۔رپورٹس کے مطابق دبئی پولیس نے عوامی تعلقات کو مضبوط بنانے کے جذبے کے تحت 3 سالہ بچی سارہ نبیل کا خواب پورا کیا، جس نے پولیس کی وردی پہننے اور لگژری پٹرولنگ گاڑی میں سیر کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔سارہ نے مقامی اسپتال میں ہونے والے ایک کمیونٹی ایونٹ کے دوران’ ننھی پولیس آفیسر‘ بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ اس موقع پر اسکول سکیورٹی انیشی ایٹو ٹیم نے فوری طور پر اس خواہش کو پورا کرنے کا فیصلہ کیا، جس سے دبئی پولیس کا بچوں میں خوشی پھیلانے اور سماجی تعلقات کو مضبوط بنانے کا عزم نمایاں ہوا۔سارہ اور اْس کے خاندان کا دبئی پولیس ہیڈکوارٹرز میں پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں کیپٹن ماجد بن سعد الکعبی (سربراہ اسکول سکیورٹی انیشی ایٹو ٹیم) اور لیفٹیننٹ مریم عیسیٰ (ڈپٹی ہیڈ) سمیت متعدد افسران موجود تھے۔ٹیم نے سارہ کو تحفہ پیش کیا اور اْس کے لیے دبئی پولیس کی چھوٹی سائز کی وردی بھی دی۔ بعد ازاں سارہ کو شہر میں لگڑری پٹرولنگ گاڑی میں فیلڈ ٹور بھی کرایا گیا، جہاں یادگار تصاویر بنائی گئیں۔