ریاض۔ 31 مارچ (ایجنسیز) کویتی نیوز ایجنسی (کونا) نے کویت پٹرولیم کارپوریشن کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ کویت کے ایک بڑے تیل بردار جہاز (السالمی) کو منگل کو علی الصبح براہ راست نشانہ بنایا گیا ہے۔ کارپوریشن نے اسے ایرانی حملہ قرار دیا ہے، جو دبئی کی بندرگاہ پر لنگر اندازی کے دوران کیا گیا، جس سے جہاز کو نقصان پہنچا اور اس پر آگ لگ گئی۔نیوز ایجنسی نے کارپوریشن کے حوالے سے بتایا کہ واقعے کے وقت جہاز تیل سے مکمل بھرا ہوا تھا، اور گرد و نواح کے پانی میں تیل کے رساؤ کے امکان سے متعلق خبردار کیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی اور اس وقت نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔دوسری جانب دبئی میڈیا آفس نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر تصدیق کی ہے کہ دبئی کے پانیوں میں کویتی آئل ٹینکر سے ڈرون ٹکرانے کے واقعے پر جوابی کارروائی کی گئی اور ٹینکر کے عملے کے تمام 24 ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، جبکہ کسی کے زخمی ہونے کی تردید کی گئی ہے۔ دبئی میڈیا آفس کا کہنا تھا کہ ”بحری فائر فائٹنگ ٹیمیں اس وقت آگ پر قابو پانے کیلئے کام کر رہی ہیں”۔ بعد ازاں دفتر نے مطلع کیا کہ آگ پر قابو پا کر اسے بجھا دیا گیا ہے۔اس واقعے کے بارے میں برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) نے بتایا کہ آبنائے ہرمز کے قریب ایک نامعلوم گولہ لگنے سے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی۔ ادارے نے ٹینکر آپریٹنگ کمپنی کے سکیورٹی افسر کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ جب جہاز کے دائیں حصے پر گولہ لگا، اس وقت وہ دبئی کے شمال مغرب میں 31 بحری میل کے فاصلے پر تھا۔ اس سے قبل برطانوی میری ٹائم آپریشنز نے بتایا تھا کہ سعودی ساحلوں کے قریب خلیج میں ایک کنٹینر جہاز پر داغے گئے دو دیگر گولے اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں ناکام رہے۔ایران، جو گزشتہ چار ہفتوں سے زائد عرصے سے امریکی اور اسرائیلی حملوں کی زد میں ہے، حالیہ ہفتوں کے دوران ایسی دھمکیاں دے رہا ہے اور حملے کر رہا ہے جس سے اسٹریٹجک آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی نقل و حرکت متاثر ہوئی ہے۔