مہلوکین میں کیرالا کا جوڑا سمیت 4 ہندوستانی اور 3پاکستانی شہری بھی شامل
دبئی: متحدہ عرب امارات کے دبئی میں ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم 16 افراد کی موت ہوگئی جبکہ 9 زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں 4 ہندوستانی شہری بتائے جا رہے ہیں۔ ان کی شناخت کیرالا کے ملپپورم میں واقع وینگارا کے رہنے والے 38 سالہ رجیش اور ان کی 32 سالہ اہلیہ جیشی علاوہ تمل ناڈو کے رہنے والے عبدالقادر اور سالیا کنڈ کے طور پر ہوئی ہے۔حکومت سے وابستہ اخبار ‘دی نیشنل’ نے دبئی میڈیا آفس کی جانب سے فراہم کردہ ‘دبئی سول ڈیفنس’ کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس واقعے میں 16 افراد کی موت اور نو زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آگ ہفتہ کو دبئی کے الراس علاقے میں لگی۔ یہاں دبئی کی مسالا مارکیٹ ہے، جو دبئی کریک کے قریب سیاحت کا ایک بڑا مرکز ہے۔ میڈیا نے دبئی پولیس مردہ خانے میں موجود ایک ہندوستانی سماجی کارکن نصیر وتنپلی کے حوالے سے بتایا کہ متاثرین میں کیرالہ کے ایک جوڑے سمیت چار ہندوستانیوں کی شناخت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ہم 4 ہندوستانیوں کی شناخت کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، جن میں کیرالہ کا ایک جوڑا اور تمل ناڈو کے دو افراد شامل ہیں، جو عمارت میں کام کرتے تھے۔ اس کے علاوہ 3 پاکستانی نوجوان اور ایک نائجیریائی خاتون کی بھی موت ہوئی ہے۔حکومت کے بیان میں آگ لگنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ تاہم یہ اشارہ دیا گیا کہ پانچ منزلہ اپارٹمنٹ میں کسی خرابی کی وجہ سے آگ لگی۔ حکام نے سیکورٹی وجوہات کی بنا پر عمارت کو سیل کر دیا ہے، جس کی وجہ سے آگ سے بچ جانے والے سبھی کنبے راتوں رات بے گھر ہو گئے۔خلیج ٹائمز نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا کہ ہم نے سب سے پہلی اے سی سے آگ نکلتی دیکھی۔ چند منٹ بعد ایک دھماکے کی آواز سنائی دی۔ پھر آگ کچھ ہی دیر میں پھیل گئی اور ہم نے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے۔دبئی سول ڈیفنس کے ترجمان نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ عمارت میں مناسب حفاظتی تقاضوں کا فقدان تھا۔ فی الحال حکام آگ لگنے کی وجہ کے بارے میں تفصیلی رپورٹ فراہم کرنے کیلئے جامع تحقیقات کر رہے ہیں۔