نئی دہلی :دبئی کے ولی عہد، شیخ ہمدان بن محمد المکتوم 8 اور9 اپریل کو ہندوستان کا دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے اور ہندوستان۔یو اے ای تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے ایک کاروباری گول میز میں شرکت کریں گے۔وزارت خارجہ نے پیر کو یہ اطلاع دی۔وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ شیخ ہمدان کا دورہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہورہا ہے جو 8 اپریل کو ہز ہائی نیس دی کراؤن پرنس کیلئے ورکنگ لنچ کی میزبانی کریں گے۔یہ دبئی کے ولی عہد کے طور پر ان کا ہندوستان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔وزارت نے بتایا کہ شیخ ہمدان کے ساتھ کئی وزرا، اعلیٰ سرکاری عہدیدار اور ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد بھی ہوگا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ولی عہد کا دورہ ہندوستان۔یو اے ای جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ (سی ایس پی) کو مزید مستحکم کرے گا اور دبئی کے ساتھ ہندوستان کثیر جہتی تعلقات کو مضبوط کرے گا۔